نئی دہلی، 8 ؍نومبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کے نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت آج جھارکھنڈ کے خلاف رنجی ٹرافی میچ میں صرف 48گیندوں پر سنچری لگاکر ہندوستان کی جانب سے فرسٹ کلاس میچوں میں سب سے تیز سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں ۔کیرالہ کے تھمبا میں کھیلے جا رہے اس میچ میں پنت آخر میں 67گیندوں پر آٹھ چوکوں اور 13چھکوں کی مدد سے 135رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔اس نوجوان کھلاڑی نے اب تک اس سیشن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے سات اننگ میں 133.16کی اوسط اور 113.17کے اسٹرائک ریٹ سے 799رن بنائے ہیں۔یہ ان کی اس سیشن میں چوتھی سنچری ہے۔وہ اب تک پانچ میچوں میں 44چھکے لگا چکے ہیں۔پنت نے اس سیشن میں اب تک 146، 308، 24، 09، 60، 117اور 135رنوں کی اننگز کھیلی ہیں۔اپنی دھماکہ دار اننگ کے دوران پنت نے تمل ناڈو کے سابق بلے باز بی بی چندر شیکھر اور آسام کے بلے باز راجیش بورا کا 28سال پرانا ریکارڈ توڑدیا ، جنہوں نے 56گیندوں پر سنچری لگائی تھی ۔بورا نے فروری 1988میں تری پورہ کے خلاف گوہاٹی میں رنجی ٹرافی میچ میں جبکہ چندر شیکھر نے اسی سال کے آخر میں تمل ناڈو کی طرف سے ریسٹ انڈیا کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اننگ سے چندر شیکھر نے 1990میں نیوزی لینڈ کے دورے پر جانے والی ہندوستانی ٹیم میں جگہ بنائی تھی۔عالمی سطح پر فرسٹ کلاس میچوں میں سب سے کم گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ آسٹریلیا کے بلے باز ڈیوڈ ہکس کے نام ہے جنہوں نے 1982میں شیفیلڈ شیلڈ کے میچ میں ساؤتھ آسٹریلیا کی جانب سے وکٹوریہ کے خلاف ایڈیلیڈ اوول میں صرف 34گیندوں پر سنچری بنائی تھی ۔